پٹنہ،28؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کی نئی این ڈی اے حکومت میں اس بار نائب وزیر اعلیٰ عہدہ بننے سے محروم رہے سشیل مودی کو بی جے پی نے راجیہ سبھا بھیجنے کی تیاری کی ہے۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال سے خالی ہوئی راجیہ سبھا سیٹ سے بی جے پی نے انھیں ٹکٹ دیا ہے۔ بہار اسمبلی میں بی جے پی کے پاس ضروری تعداد ہے، اسے دیکھتے ہوئے سشیل مودی کا منتخب ہونا طے مانا جا رہا ہے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے بتایا کہ ’’پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے بہار میں ہونے والے راجیہ سبھا ضمنی انتخاب کے لیے سشیل کمار مودی کے نام پر مہر لگائی ہے۔ بہار کی اس واحد راجیہ سبھا سیٹ کے لیے 3 دسمبر تک نامزدگی ہوگی۔ وہیں 14 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔‘‘
بی جے پی نے لوک جن شکتی پارٹی کو یہ سیٹ ایک سمجھوتے کے تحت دی تھی، لیکن اس بار چراغ پاسوان کو پارٹی نے جھٹکا دے دیا ہے۔ رام ولاس پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان نے بہار میں اس بار این ڈی اے سے الگ ہو کر انتخاب لڑا تھا جس کی وجہ سے بی جے پی نے اس بار اس سیٹ پر اپنا امیدوار پیش کر دیا ہے۔
بشکریہ: قومی آواز